قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں بیت ساحور کے مقام پر ایک ہائی اسکول پرچھاپہ مار کر کمرہ جماعت سے تین طالبات کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
عینی شاہدین اور اسکول کی انتظامیہ نے بتایا کہ تین طالبات کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ اسکول میں داخل ہوئیں۔ طالبات کے اسکول پہنچتے ہی پانچ اسرائیلی فوجیوں نے اسکول پر دھاوا بول دیا اور تین طالبات کو اغواء کےبعد ساتھ لے گئے۔مقامی فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حراست میں لی گئی طالبات کی شناخت ھدیٰ مازن قلبیہ، نور نضال سلامہ اور ھبہ رائد جبران کے ناموں سے کی گئی ہے اور ان کی عمریں 16 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ گرفتار کے بعد انہیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ حراست میں لی گئی طالبات کے قبضے سے چاقو برآمد ہوئے تھے جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا تاہم اسکول کی انتظامیہ اور بچیوں کے والدین نے ان کے پاس چاقوں کی موجودگی کے صہیونی دعوے کو مسترد کردیا ہے۔