(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے متصل وادی اردن میں جمعرات کو اسرائیلی فوج نے المکسر کے مقام پر انہدامی کارروائیوں میں فلسطینی شہریوں کے کئی مکانات مسمار کردیے جس کے نتیجے میں کئی خاندان مکان کی چھت سے محروم ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وادی اردن کے مقامی سماجی کارکن معتز بشارات نے بتایا کہ المکسر کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطینی خاندانوں کے ملکیتی ان کے رہائشی مکانات، مویشیوں کے باڑے اور دیگر املاک کو مسمار کردیا۔ صہیونی فوج کی مسماری کی کرروائی کے نتیجے میں 20 فلسطینی شہری بے گھر ہوگئے۔مسماری آپریشن سے قب صہیونی فوجیوں نے المکسر کا چاروں اطراف سے گھیراؤ کیا اور مقامی شہریوں کو وہاں سے دور ہٹا دیا گیا۔
معتز بشارات نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے فلسطینی شہریوں کی املاک تباہ کرنے کے بعد بتایا کہ انہیں اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا، تاہم معتز کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام کی جانب سے مقامی شہریوں کو مکان خالی کرنے کے لیے کوئی پیشگی نوٹس یا اطلاع تک نہیں دی گئی۔
