(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) معمر عرابی نخلہ کے بیٹے امل عرابی کی گرفتاری سےایک سال قبل ان کے بڑے بیٹے اسامہ کو بھی صہیونی فوج نے گرفتار کیا تھا جوکہ اب بھی قابض فوج کی قید میں ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض اسپیشل فورسز نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے رام اللہ کے شمال میں واقع بیرزیت اور عطارہ کے درمیان گزرنے والی سڑک پرسفر کرتے ہوئے وطن میڈیا نیٹ ورک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز معمر عرابی نخلہ کے 16 سالہ بیٹے امل عرابی نخلہ کو گرفتار کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق قابض فوج نے اس وقت امل اعرابی کی کار روک کر اسے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ گھر کی جانب واپس آرہا تھا ۔
امل خاندان نے تمام انسانی حقوق اوربین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے بیٹے کی رہائی کے لئے فوری مداخلت کرے جس کا کچھ ماہ قبل ہی پھیپھڑوں کے ٹیومرکا آپریشن ہوا ہےاور ابھی اس کی حالت نازک ہے ۔
واضح رہے کہ امل کی گرفتاری سےایک سال قبل اس کے بڑے بھائی اسامہ کو بھی صہیونی فوج نے گرفتار کیا تھا جو اب بھی قابض فوج کی قید میں ہے تاہم قابض حکام کی جانب سے دونوں بھائیوں کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی بنیادی وجہ سامنے نہیں آسکی ہیں ۔