(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر بائیڈن اسرائیلی حکومت کے غیر قانونی بستیوں کو توسیع دینے کے خلاف سخت موقف اختیار کریں۔
امریکہ میں انسانی حقوق کی درجنوں امریکی تنظیموں نے امریکی صدر جو بائیڈن کو درخواست ارسال کی ہے جس میں فلسطینیوں کے خلاف غیر قانونی صیہونی ریاست ، اس کی سیکیورٹی فورسز اور صیہونی آبادکاروں کے اشتعال انگیز اقدامات ، اور نہتے فلسطینیوں پر حملوں کو رکوانے میں مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک پر مجرمانہ حملوں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں "فلسطینیوں کے قتل عام” کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔
اداروں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ صیہونی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر کئے جانے والے حملے اسرائیلی قابض افواج کی سرپرستی میں کیے جاتے ہیں جو ناقابل قبول ہیں۔ اسرائیلی فوج آباد کاروں کی حفاظت کر رہی ہے ۔
درخواست میں صدر بائیڈن کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کے غیر قانونی بستیوں کو توسیع دینے کے اقدام کی روشنی میں سخت موقف اختیار کرے۔
درخوست میں غیر قانونی صیہونی ریاست کے خلاف “Leahy Law” کے نفاذ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اسرائیلی جرائم کے لیے امریکی فوجی امداد سے حاصل ہونے والی "کوئی بھی رقوم” بچوں کی فوجی حراست، فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے، یا زمینوں پر قبضے کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے استعمال نہیں کی جائیں گی۔