مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) کل بدھ کی شام ہزاروں فلسطینی شہری شب معراج کے فیوض و برکات سمیٹنے مسجد اقصیٰ پہنچے اور مقدس مقام میں رات بھر عبادت و ریاضت میں بسر کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کل بدھ کی شام سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں سے ہزاروں فلسطینیوں نے شب معراج کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں عبادت کی۔
شب معراج کے موقع پر محکمہ اوقاف کے رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شب معراج کے موقع پر 11 امدادی ٹیموں اور 600 امدادی کارکنوں کی طرف سے نمازیوں کو مدد فراہم کی گئی۔
باب العامود کے سامنے فلسطینیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انہوں نے قبلہ اوّل کی حمایت اور اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی کے خلاف نعرے بازی کی۔
ادھر محکمہ اوقاف کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شب معراج کے موقع پر 50 ہزار فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کی۔
شہری رات بھر قبلہ اوّل میں نوافل اور تلاوت کلام پاک میں مصروف رہے۔ شاہراہ الزھراء سے فلسطینی قافلے کی شکل میں قبلہ اوّل کی طرف روانہ ہوئے۔
ادھر دوسری جانب فلسطینی شہریوں کی قبلہ اوّل تک رسائی روکنے کے لیے اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی عبادت گزاروں کو روکنے کے لیے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے تھے۔ فلسطینی شہریوں کی شناخت پریڈ کی گئی۔