انتہاء پسند یہودیوں نے قبلہ اول پر دھاوا بول دیا، سیکڑوں یہودی آباد کار ٹولیوں کی شکل میں مراکشی دروازے سے داخل ہوئے اور مسجد کے صحن اور راہداریوں میں دندناتے رہے۔
اس موقع پر اسرائیلی پولیس کے دستے بھی آبادکاروں کی حفاظت کے لیے مسجد اقصی میں موجود رہی۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق بڑے یہودی ربیوں نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں یہودی مذہبی تہوار ’’الحانوکاۃ‘‘ کے موقع پر یہودیوں سےمسجد اقصی پر دھاوا بولنے کی اپیل کی تھی، یہودی مذہبی پیشواؤں نے اپیل کی تھی کہ وہ اس موقع پر مسجد میں آ کر تلمودی عبادات کی ادائیگی کریں۔
سیکڑوں یہودی آباد کاروں رات گئے سے ہی مسجد اقصی کےاطراف القدس کی اولڈ میونسپلٹی میں گشت کر کے اہالیان القدس میں اشتعال پیدا کرتے رہے۔ اس دوران متشدد یہودیوں نے فلسطینیوں اور اہالیان القدس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
انتہاء پسند یہودیوں نے اسرائیلی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ عرب فلسطینیوں کو القدس سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔