فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن اور حماس کے سینئر رہنما مشیر مصری کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما سینا میں فلسطینیوں کو بسانے کی سوچ دراصل مصر اور غزہ کے درمیان پھوٹ ڈالنے کے اسرائیلی منصوبے کا حصہ ہے۔
مصر کی لیبر پارٹی کی جانب سے ارتھ ڈے کی مناسبت سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر مصری نے کہا کہ فلسطینی سیناء میں رہائش کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس طرح کی معلومات اس وجہ سے پھیلا رہا ہے تا کہ مصر اور فلسطین کی قوموں کے درمیان تنازعات شروع ہوجائیں۔
فلسطینی قوم 1976 سے ارتھ ڈے منا رہی ہے۔ ہر سال اس دن کو منانے کا مقصد اس بات کی تاکید کرنا ہے کہ فلسطینی کسی بھی صورت اپنی اراضی سے دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے زور دیا کہ قوم کو اختلافات ختم کرکے متحد ہونا ہوگا۔
مصری نے زور دے کر کہا کہ مصر میں ارتھ ڈے کی بحالی مصر اور غزہ کی قوموں کے درمیان اتحاد کی علامت ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مصری فوج بھی فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مصری فوجیوں کے قتل کی کارروائی میں فلسطینی قوم کے ملوث ہونے کی مکمل نفی کی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین