رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایک رپورٹ کے مطابق سال 2015ء سے فروری 2019ء تک اسرائیلی فوج نے 6 ہزار فلسطینی بچوں کو جیلوں میں قید کیا۔ ان میں سے 98 فی صد بچوں کو جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا شکار کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سنہ 2015ء میں فلسطینی بچوں کی سب سے زیادہ گرفتاریاں کی گئیں اور اکتوبر میں سب سے زیادہ فلسطینی حراست میں لیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پانچ اپریل کو بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت بھی اسرائیلی زندانوں میں 250 بچے پابند سلاسل ہیں۔ ان میں سے 30 مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھتے ہیں۔
فلسطینی بچوں کو عوفر، مجد اور الدامون جیلوں میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔