رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں جنوری 2019ء کے دوران فلسطینیوں کے 686 مزاحمتی حملے ریکارڈ کیے گئے۔ گذشتہ سال جنوری کی نسبت فلسطینیوں کے مزاحمتی حملوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2019ء کے دوران فلسطینیوں کی طرف سے صیہونیوں پر 686 مزاحمتی حملے کیے گئے۔ ان میں 19 صیہونی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور 269 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کی طرف سے فائرنگ کے 5، چاقو کے 4، دیسی ساختہ دستی بموں کے 13، پٹرول بموں کے 33 واقعات رونما ہوئے جبکہ غرب اردن اور القدس میں فلسطینیوں کی طرف سے غاصب صیہونیوں پر 540 بار سنگ باری کی گئی۔ صیہونی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں پر حملوں کی 62 کوششیں کی گئیں جب کہ فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف 29 احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مجموعی طور پر غرب اردن، بیت لحم اور رام اللہ میں کل مزاحمتی کارروائیوں کے 54 فی صد واقعات رونما ہوئے۔الخلیل اور قلقیلیہ میں 83، نابلس میں 63، جنین میں 47، سفلیت میں 16 مزاحمت کے واقعات رونما ہوئے۔