رام اللہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کے دوران شہید کی گئی 16 سال فلسطینی بچی سماح زھیر مبارک کا جسد خاکی گذشتہ روز رام اللہ میں اس کے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے شہیدہ کا جسد خاکی ایک ماہ سے زائد عرصے تک قبضے میں رکھا اور پوسٹ مارٹم کی آڑ میں اس کا جسد خاکی چیر پھاڑ دیا گیا۔
سولہ سالہ شہیدہ سماح زھیر مبارک کا جسد خاکی اس کی شہادت کے 36 دن بعد مغربی رام اللہ میں بیتونیا کے مقام پر اس کے خاندان کے حوالے کیا گیا۔
سماح زھیر مبارک کو اسرائیلی فوج نے 30 جنوری کو مشرقی بیت المقدس میں الزعیم چوکی کے قریب گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ سماح نے فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی مگر اسرائیلی فوج اپنا یہ دعویٰ ثابت نہیں کرسکی۔