رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غزہ اور غرب اردن میں جمعہ کے روز شہید ہونے والے دو فلسطینیوں اور 40 روز قبل شہید ہونے والے تیسرے فلسطینی کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز 60 سالہ فلسطینی شہید حمدان العارضہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر جنین میں ادا کی گئی۔ انہیں صیہونی فوج نے 40 دن قبل غرب اردن کے نواحی علاقے البیرہ میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔
شہید العارضہ کی نماز جنازہ میں مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ سرکاری عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید کی تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کوملے۔ جنازے کے جلوس میں شریک فلسطینیوں نے اسرائیلی ریاست کی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
خیال رہے کہ العارضہ کو اسرائیلی فوج نے 13 دسمبر کو رام اللہ کے نواحی علاقے البیرہ میں گولیاں مارکر شہید کردیا تھا۔
ادھر گذشتہ روز مشرقی رام اللہ میں 16 سالہ ایمن حامد شہید کو سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
تیسرے فلسطینی ایھاب عابد کو غزہ کی پٹی میں سپرد خاک کیا گیا۔ شہید عابد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔