(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان مظلوم انسانیت کے ساتھ کھڑا ہے اوراس میں سر فہرست مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام کی حمایت ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس’’ عالمی صہیونزم کے مقابلہ میں عالمی مزاحمت کی تشکیل‘‘ سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے مختلف ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹی جنرل صابر ابو مریم کی میزبانی میں ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان مظلوم انسانیت کے ساتھ کھڑا ہے اورسر فہرست مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام کی حمایت ہے ۔ روس کے سابق رکن پارلیمنٹ اور صدارتی امید وار سرگئی بابورین نے کہا کہ اسرائیل نسل پرستی کا گڑھ اور خون چوسنے والی جونک ہے ۔ ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ کے مشیر امیر حسین عبد اللہیان نے کہا کہ ایران فلسطین و کشمیر سمیت تمام مظلوموں کا حامی ہے۔ فلسطین سے حما س کی رکن پارلیمنٹ ھدیٰ نعیم کاکہنا تھا کہ فلسطینی اپنے حق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔یمن سے رکن پارلیمنٹ اور وزیر تعلیم یحیٰ بدر الدین حوثی نے کہا کہ فلسطین وکشمیر میں جاری ظلم اور بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔