فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان،اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لئے ۱۵ مئی ’’یوم نکبہ‘‘ کی مناسبت سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سیمینار بعنوان’’فلسطین ۔
فلسطینیوں کا وطن‘‘کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار کی صدارت پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر ڈاکڑ ہازم ابو شناب نے کی جبکہ دیگر مہمانانان گرامی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے چیئر مین راجہ ظفر الحق،جماعت اسلامی پاکستان آزاد کشمیر کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عبد الرشید ترابیاقلیتی برادی کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی جے سالک سمیت مجلس وحدت مسلمین ،جمعیت علماء پاکستان و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی اور شرکائے سیمینار سے خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض ارسلان ایاز نے انجام دئیے۔
یوم نکبہ کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار ’’فلسطین ،فلسطینیوں کا وطن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر ڈاکٹر ہازم شناب کاکہنا تھاکہ فلسطینی عوام اپنی آزادی حاصل کرنے کے لیے گذشتہ ۶۴ برس سے اسرائیلی مظالم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور اپنے حق کو حاصل کرنے کے لیے ظالموں کاڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئر مین راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کل بھی فلسطینی عوام کے ساتھ تھے اور آج بھی فلسطین کاز کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے کے لئے آمادہ ہیں ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے دلیر اور بہادر عوام فلسطین کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور فلسطین کاز کی دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان آزاد کشمیر کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عبد الرشید ترابی کاکہنا تھا کہ ۶۴ برس گزر چکے مگر افسوس کی بات ہے کہ مسلم ممالک اور حکومتیں فلسطینی عوام کو ان کا حق دلانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں ،ان کاکہنا تھا کہ فلسطین میں آئے روز مظالم کا سلسلہ تیز ہوتا جا رہا ہے مگر حیرت کی بات ہے کہ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی عالمی تنظیمیں اور عالمی ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی سامراج،یورپی ممالک اور شیطان بزرگ امریکہ کی بے جا پشت پناہی نے اسرائیل کے مظالم کو مدد فراہم کی ہے جس کے سبب آج ہمارے مظلوم اور نہتے فلسطینی عوام غاصب صیہونی فوجیوں کی اندھی گولیوں کی خوراک بن چکے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورم پر آواز اٹھائے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے سنجیدگی سے کردار ادا کرے ۔
اس موقع پر اقلیتی رہنما جے سالک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی فلسطین میں جہاں مسلمانوں کا حصہ ہے وہاں مسیحی برادری بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے بلکہ تحریک آزادی فلسطین کی اس مقدس لڑائی میں عیسائی مجاہدین نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے اور اپنے خون سے تاریخ رقم کی ہے۔ سیمینار کے اختتام پر مقررین نے مشترکہ قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے عالمی سطح پر کانفرنس منعقد کی جائے ،مقررین نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ ۶۴ برس گزر چکے ہیں مگر فلسطینی عوام اپنے ہی گھروں سے محروم ہیں ان کو فلسطین واپس جانے کا حق ہے لہذٰا فلسطینیوں کو فلسطین لانے میں عالمی برادری کردار ادا کرے۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے رہنماؤں میں عثمان شاہ،ڈاکٹر عرفان،انعام الرحمان،سبحان گیلانی و دیگر شریک تھے۔

