فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے قاہرہ میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی سے ملاقات کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز خالد مشعل نے ڈاکٹر العربی کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فلسطین کی موجودہ صورت حال اور عرب ممالک میں جاری تبدیلی کی تحریکوں سمیت کئی دیگرامور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں حماس کے رہ نمانے ڈاکٹر العربی کو فلسطینی سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈاکٹر العربی نے حماس اور فتح کے درمیان مفاہمت کے اعلام پر دونوں جماعتوں کی لیڈرشپ اور فلسطینیوں کو مبارک باد پیش کی۔
ملاقات میں فلسطینیوں کے مابین مفاہمت سے متعلق تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ خالد مشعل نے عرب لیگ کے سربراہ کو فلسطینی مفاہمت، تنظیم آزادی فلسطین کے دوبارہ تنظیم سازی، فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے اعلان اور دیگر معاملات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
گفتگو کرتے ہوئے عرب لیگ کے سربراہ نے فلسطینی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ جلد ازجلد اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ مسئلہ فلسطین کو عالمی فورمز پر اٹھانے اور فلسطینی ریاست کو عالمی اداروں میں تسلیم کرانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔