فلسطین کی منظم مذہبی و سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے اردن میں معروف بخیت کی حکومت کے استعفے کے بعد ملک کے نئے وزیراعظم عون الخصاونہ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنھبالنے اور نئی کابینہ تشکیل دینے پرمبارک باد پیش کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے سربراہ نے نومنتخب اردنی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ اس موقع پر خالد مشعل نے ڈاکٹر الخصاونہ کو حماس کی جانب سے نئی حکومت تشکیل دینے پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔
ادھر حماس کے سیاسی شعبے رکن محمد نزال نے اردن کے دورے کے دوران نو منتخب اردنی وزیراعظم ڈاکٹر عون الخصاونہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حماس اور اسرائیل کے مابین طے پائے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بھی وزارت عظمیٰ کا منصب سنھبالنے پر حماس کی جانب سے ڈاکٹر الخصاونہ کومبارک باد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل جلد اردن کے باضابطہ دورے پرعمان روانہ ہونے والے ہیں۔ انہوں نےآج جمعرات کو قاہرہ سے عمان کی جانب سفر کرنا تھا تاہم بعض ناگزیر وجوہات اور لاجسٹک مشکلات کے باعث انہوں نے اپنا دورہ اردن کچھ روز کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔