اسرائیل کی جیلوں میں گذشتہ سولہ روزسے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فلسطین بھرمیں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
منگل کو مقبوضہ فلسطین کے شہر حیفا میں قائم اسرائیلی یونیورسٹی”حیفا” کے باہر بھی فلسطینی اور عرب طلباء کی بڑی تعداد نے بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ادھر القدس میں بھی فلسطینی شہریوں نےاپنے اسیر بھائیوں سے اظہار ہمدردی کے لیے احتجاجی کیمپ لگایا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق”حیفا” یونیورسٹی میں عرب طلباء کمیٹی کی جانب سے بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلباء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پراسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے تمام مطالبات کو فوری طورپر منظور کرے۔ طلباء نے اسیران کے حق اور اسرائیلی ریاستی جبر کےخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
اس موقع پرطلباء رہ نماؤں کا کہنا تھا کہ اسیران نے صہیونی دشمن کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرکے فلسطینیوں کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔ فلسطینی اسیران کے مطالبات عالمی سطح پرمسلمہ ہیں اور اسرائیل ان کی خلاف ورزی کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرر ہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہاریکجہتی کے مظاہرے میں طلباء کےعلاوہ دیگر شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
درایں اثناء فلسطینی اسیران کلب اور دیگر تنظیموں کے زیراہتمام منگل کو مقبوضہ بیت المقدس میں ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا۔ مقبوضہ بیت المقدس میں شیخ جراح کے مقام پرلگائے گئے اس احتجاجی کیمپ میں فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ہڑتالی شہریوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھےتھے جن پربھوک ہڑتالی اسیران کو فوری طور پر رہا کرنے کے مطالبات درج تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں صہیونی جور و جبر کےخلاف فلسطینی اسیران نے گذشتہ سترہ اپریل سے بھوک ہڑتال شروع کی تھی، یہ ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے جاری ہے، مسلسل بھوک ہڑتال کے باعث کئی اسیران کی حالت نہایت تشویشناک ہوچکی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

