(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "حماس” کا کہنا ہے کہ یو این سیکرٹری جنرل کا فلسطینی قوم کے حقوق کی نفی کرنا خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل "انٹونیو گوٹیرس” کے فلسطینیوں کے حقوق کی نفی کے تاثر والے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، سیکریٹری اقوام متحدہ کے نام ایک احتجاجی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے حماس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے قابض صہیونی ریاست کی ترجمانی کرتے ہیں، فلسطینی پناہ گزینوں کو ان کے وطن میں واپسی کا پورا پورا حق حاصل ہے جبری اور قیر قانونی طور پر بے گھر کیے گئے کسی بھی شخص کو اس کے گھر میں واپس آنے کا عالمی حق حاصل ہے مگر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کی نفی کرتے ہیں۔
حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی ریاست کی توسیع پسندی اور یہودی آباد کاری کی روک تھام کے ساتھ غزہ کی پٹی کے علاقے پر اسرائیل کی مسلط کی پابندیوں کو ختم کرائے ۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی ریاست کے قبضے اور مسلسل توسیع پسندی نے بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرات سے دوچار کیا اور خطے میں اس کے نتیجے میں مزید انتشار پھیلا ہے۔