(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اس بات کی تفصیلات فراہم کیں کہ غزہ میں جاری 15 ماہ کی جنگ کے دوران کمانڈر محمد ضیف سمیت دیگر عسکری قیادت، جن میں ڈپٹی کمانڈر مروان عیسیٰ، غازی ابو طماعہ، رائد ثابت، رافع سلامہ، احمد الغندور اور ایمن نوفل شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں۔
محمد ضیف، جو حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے بانیوں میں سے تھے، نے 20 سال سے زائد عرصے تک اس فورس کی قیادت کی۔ انہیں ان حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے جن میں درجنوں اسرائیلیوں کو مارا گیا۔ ضیف کو حماس کے زیر زمین سرنگوں کے نیٹ ورک اور بم سازی کی مہارت کے فروغ کا بھی ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
الضیف کی اہلیہ اور سات ماہ کے بیٹے کی شہادت اگست 2014 میں اسرائیلی فضائی حملے میں ہوئی تھی، جب ان کا خاندان ایک گھر میں مقیم تھا۔ اسرائیلی حملوں کے دوران محمد ضیف خود بھی کئی مرتبہ نشانہ بنے، جس میں ایک آنکھ کی ضیاع اور ایک ٹانگ پر شدید چوٹیں آنے کی اطلاعات ملیں۔ ان کی مسلسل بقا اور القسام بریگیڈز کی قیادت نے انہیں فلسطینی عوام میں ایک منفرد مقام دلایا۔
یاد رہے کہ اگست 2024 میں اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد ضیف کو 13 جولائی کو خان یونس کے مغرب میں المواسی میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا، لیکن حماس نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ خیریت سے ہیں اور براہ راست گروپ کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہں۔