(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسماعیل ہنیہ اور زیاد النخاله نے ملاقات کے دوران علاقے کی تازہ ترین فلسطین اور غزہ کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روزحماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخلہ نے بیروت میں ملاقات کی جس کے بعد فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک کے مرکزی رہنما اسامہ حمدان نے اس اجلاس میں جن اہم امور پر بات چیت ہوئی اس کی تفصیلات پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےبتایاکہ فلسطینی گروہوں اور جماعتوں کا یہ اجلاس مقبوضہ فلسطین کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ساتھ روابط کی برقراری کی سازشوں اور غاصبوں کی جارحیتوں کا مقابلہ کرنے اور فلسطینیوں کے مابین اتحاد و یکجہتی کی برقراری کیلئے منعقدکیا گیا ہےجس میں تیزی سے بدلتی ہوئی بین الاقوامی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید تفصیل بتاتے ہوئےکہا کہ اسماعیل ہنیہ منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بیروت پہنچے تھے جہاں انہوں نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے بھی ملاقات کی اوروہ اپنے دورہ بیروت کے دوران قائم مقام وزیراعظم حسان دیاب اور سابق وزیراعظم سعدالدین الحریری سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں فلسطینی موقف کے خلاف متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ مکمل تعلقات کے قیام کے اعلان پر فلسطینی تنظیموں سمیت خطے کے دوسرے ممالک اور دنیا بھر کی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔