(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) نام نا ظاہر کرنے والے ایک فلسطینی رہنما نے آج انکشاف کیا ہے کہ آئندہ ہفتے بروز ہفتہ، فلسطینی مزاحمت اور غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں باقی ماندہ صیہونی قیدیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔
رہنما کے مطابق، اس تبادلے میں 6 زندہ صیہونی قیدیوں اور 4 لاشوں کو رہا کیا جائے گا، جبکہ اس کے بدلے میں کچھ فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جائے گا، تاہم ان کی تعداد واضح نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یہ پیشرفت "قطری اور مصری ثالثوں کے ساتھ مشاورت اور حماس کی قیادت سے گفتگو کے بعد طے پائی ہے۔”
اسی طرح، فلسطینی رہنما نے تصدیق کی کہ "بھاری مشینری، کنٹینرز اور تعمیراتی مواد کی غزہ میں داخلے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے پر بھی اتفاق ہو چکا ہے،” جن کے داخلے میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل تاخیر کر رہا تھا، حالانکہ جنگ بندی معاہدہ جنوری میں نافذ العمل ہو چکا تھا۔
پیر کے روز، فلسطینی مزاحمت کے ایک اور رہنما نے المیادین کو بتایا کہ "حماس معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کی منتظر ہے،” خاص طور پر وہ نکات جو گزشتہ ہفتے طے پائے تھے، جن میں بھاری مشینری اور تعمیراتی مواد کی فراہمی اور زمینی خلاف ورزیوں کو روکنے کا معاملہ شامل ہے، اس سے پہلے کہ معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد شروع کیا جائے۔
دوسری جانب، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ کابینہ کا اجلاس طلب کرے گی اور اپنے مذاکراتی وفد کو مصر بھیجے گی تاکہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب غیر قانونی صیہونی ریاست کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ریاض میں موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بات چیت کی۔
چند روز قبل، نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام کر رہے ہیں اور غزہ کے حوالے سے ایک "مشترکہ اسٹریٹجک منصوبہ” پر عمل پیرا ہیں، جس میں وہ وقت بھی شامل ہے جب ٹرمپ کے بقول، اگر حماس نے تمام صیہونی قیدیوں کو رہا نہ کیا تو "جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔”
واضح رہے کہ جنگ بندی معاہدہ 19 جنوری کو نافذ العمل ہوا تھا، جو 7 اکتوبر 2023 کو غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے تباہ کن حملے کے 15 ماہ بعد عمل میں آیا۔ اب بھی 7 اکتوبر 2023 کو غزہ میں قید کیے گئے 251 صیہونی قیدیوں میں سے تقریباً 70 قیدی موجود ہیں۔