(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کو اب مزید نیتن یاہو کے اپنے سیاسی مستقبل کو بچانے کی پالیسیوں کوجاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی پارلیمنٹ میں قائدحزب اختلاف یائر لاپڈ نے گذشتہ روز اسرائیلی ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ یائر گولن کے بیان کے جواب میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ "X” پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ : "ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ، پردے کے سامنے اور پیچھے، اسرائیل کو تباہی سے بچانے کیلئے کام جاری رکھیں گے، ملک کو تباہ کرنے والی حکومت کا تختہ جلد الٹ دیا جائے گا اور نیتن یاہو گھر جائیں گے۔
واضح رہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی اپوزیشن اور اسرائیلی معاشرے کا ایک وسیع حلقہ صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو پر الزام لگاتا ہے کہ وہ غزہ پر جنگ کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور اپنی سیاسی بقا کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی مدت کو طول دے رہے ہیں، اور غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے معاہدے تک پہنچنے کے کئی مواقع ضائع کر رہے ہیں۔اسرائیلی اپوزیشن نے انہی وجوہات کی بنا پر نیتن یاہو کی حکومت کا تختہ الٹنے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ کئی شہروں میں حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کو ختم کرنے اور قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرے ہو رہے ہیں۔
امریکی حمایت سے، غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے گذشتہ سال 7 اکتوبر سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر نسل کشی کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں ، جس میں بڑے پیمانے پر تباہی اور مہلک قحط کے درمیان 134,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں، اور 10,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔