مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین میں رومن آرتھوڈوکس چرچ کے پادری اور عیسائی برادری کے سینیر رہنما بشپ عطا اللہ حنا نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس شدید خطرات سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی منظم منصوبہ بندی کے تحت القدس کو یہودیانے کی سازشوں میں مصروف ہے اور عالمی برادری اسرائیلی جارحیت پر خاموش تماشائی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بشپ عطا اللہ حنا نے ان خیالات کا اظہار نابلس سے آئے سرکردہ فلسطینی مذہبی شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخ، تہذیب، ثقافت اور مذہبی تشخص کو مسخ کرنے کے لیے اسرائیلی ریاست پوری مشینری کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ جعل سازی اور جھوٹ کے ذریعے القدس کی تاریخ مسخ کی جا رہی ہے۔ یہ سب کچھ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عرب دنیا، عالم اسلام اور عیسائی برادری اسرائیلی ریاست کے حربوں پر خاموش تماشائی ہیں۔
عطا اللہ حنا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس شدید خطرات سے دوچار ہے۔ فلسطینیوں کے درمیان پائے جانے والے انتشار اور ناچاقی سے دشمن کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ عرب دنیا اور عالم اسلام کی کمزوری کے باعث اسرائیل القدس کو یہودیانے کی دن رات سازشیں کر رہا ہے۔
عیسائی رہنما کا کہنا تھا کہ القدس کوصیہونی توسیع پسندی سے بچانے کے لیے فلسطینی قوم کو متحد ہونا اور پوری دنیا کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔