صیہونی حکومت کے ٹی وی نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تل ابیب کے جنوب میں فلسطینی مزاحمتی کارروائی میں دو فلسطینی نوجوانوں نے چاقو سے تین صیہونیوں پر حملہ کیا ۔
اس حملے میں دو صیہونی ہلاک ہوگئے اور ایک بری طرح زخمی ہوا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس مزاحمتی کارروائی میں شریک ایک فلسطینی نوجوان کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرا بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔صیہونی ٹی وی کے مطابق یہ کارروائی ہلکے ہتھیاروں سے کی گئی تھی۔
اکتوبر کے اوائل میں شروع ہونے والی انتفاضہ قدس میں اب تک تقریبا” بیس اسرائیلی، فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
مسجد الاقصی، قدس اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے سلسلے میں فلسطینی علاقوں میں اکتوبر کے شروع سے فلسطینیوں کے وسیع احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک نوے سے زیادہ فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں شہید جبکہ دو ہزار سات سو سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف ہلال احمر سوسائیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی امدادی کارکنوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے جاری ہیں اور صیہونی فوجیوں نے انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک دو سو چھہتر بار فلسطین کی ہلال احمر سوسائیٹی کے کارکنوں پر حملے کئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق صیہونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں زخمی فلسطینیوں تک ایمبولینسیں بھی نہیں پہنچ پاتی ہیں اور یہ امر زخمیوں کی شہادت کا باعث بنتا ہے۔