(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے میڈیا کے مطابق داخلی سلامتی کی خفیہ ایجنسی شاباک نے ایک فوجی ، دو نابلغ بچوں سمیت سات غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کو ایران کے لئے جاسوسی کرنے اور حساس اسرائیلی فوجی تنصیبات کی تفصیلات فراہم کرنے کےجرم میں گرفتار کرلیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہان ہے کہ گرفتار افراد پر تل ابیب میں کریا ڈیفنس ہیڈکوارٹر، نیواتیم اور رامات ڈیوڈ ایئر بیس کے ساتھ ساتھ آئرن ڈوم بیٹری سائٹس سمیت فوجی اڈوں اور سہولیات کی تصاویر اور معلومات جمع کرنے کا الزام ہے۔ان افراد سے حاصل معلومات کی بنیاد پر ہی نیواتیم ملٹری بیس کو اس سال ایرانی فوج نے دو بار میزائل حملوں میں نشانہ بنایا تھا اور حزب اللہ کی جانب سے رامات ڈیوڈ کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
صیہونی آبادکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ہینڈلرز سے اسٹریٹجک مقامات کے نقشے حاصل کیے جن میں گولانی بیس بھی شامل ہے جو اس ماہ کے شروع میں ایک مہلک ڈرون حملے میں تباہ ہو گیا تھا۔تفتیش کے دوران ان مشتبہ افراد نے اعتراف کیا کہ وہ دو سال سے ایرانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے لیے مختلف کام انجام دیتے رہے ہیں اور وہ ایرانی ایجنٹوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ان کی کارروائیوں کے بدلے میں ایران ان افراد کو کرپٹو کرنسی اور لاکھوں ڈالر ادا کیے گئے۔