اسرائیل کے ساتھ تبادلہ اسیران معاہدے کے تحت رہائی پانےوالے فلسطینی اسیران کے استقبال کے لیے قاھرہ میں موجود حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل آج شام قاھرہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران معاہدے کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں۔
یہ پریس کانفرنس ’’تبادلہ اسیران‘‘ ڈیلنگ کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کو مصری حکام کے حوالے کرنے اور 477 فلسطینی اسیران کےغزہ کی رفح کراسنگ اور پھر دیگر راہداریوں کے ذریعے مغربی کنارے اور 48ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں داخل ہونے کے موقع پر کی جا رہی ہے۔
حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اپنے گزشتہ بیانات میں بتا چکے ہیں کہ رہائی پانے والے اسیران میں سے جلا وطن کیے جانے والے پندرہ اسیران کو قطر، پندرہ کو شام اور دس کو ترکی روانہ کرنے سے پہلے قاھرہ میں ہی ان اسیران کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔