مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل نے فلسطینیوں کی لوٹی گئی نوادرات کو اپنی قرار دے کر بیت المقدس میں ان کی ایک نمائش بھی لگا دی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اخبار ’’ہارٹز‘‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حکام نے بیت المقدس میں ایک نئی نمائش کا افتتاح کیا ہے جس میں فلسطینیوں کے بلدالشرق میوزیم اور دیگر عجائب گھروں سے لوٹی گئی نوادرات اور تاریخی اشیاء پشی کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی قانون کسی اسرائیلی ریاست کو مقبوضہ ریاست کے آثار قدیمہ اور نوادرات چوری کرنے اور انہیں اپنی ملکیت قرار دینے کی اجازت نہیں دیتا۔
عبرانی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسروقہ فلسطینی نوادرات اور آثار قدیمہ کی نمائش کا افتتاح اسرائیل کے نائب وزیر دفاع ایلی بن دھان اور دیگر عہدیداروں نے کیا۔ اس موقع پر صیہونی آباد کاروں کی بڑی تعداد کو مدعو کیا گیا تھا۔ یہ نمائش کئی روز تک جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی ریاست نے سنہ 1967ٰء کی جنگ کے بعد فلسطینی عجائب گھروں میں لوٹ مار کے دوران 40 ہزار سے زائد نوادرات اور آثارقدیمہ کو لوٹ لیا ہے۔