مقبوضہ بیت المقدس میں یہودیوں کے روز مرہ حملوں سے ستائے فلسطینی بالآخر سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کےخلاف فلسطینیوں نے بھی اسرائیلی فوجی گاڑیوں اور ریل گاڑی پر پتھراؤ کیا ہے۔
اسرائیلی ریڈیو کے مطابق منگل کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گاڑیوں پر فلسطینی نوجوانوں نے پٹرول بموں سے حملہ کیا ہے۔ جبکہ ایک دوسرے گروپ نے بیت المقدس میں یہودیوں کی ایک ریل گاڑی اور سول گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی میڈیا پر آنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس کے علاوہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں بھی فلسطینی شہریوں نےیہودی آباد کاروں کی گاڑیوں اور فوجی جیپوں پر حملے کیےہیں۔
بیت المقدس میں باب الخلیل کےمقام پر فلسطینیوں کے پھینکے گئے ایک پٹرول بم سے بس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ فلسطینیوں کے پتھراؤ کے نتیجے میں بس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
اسرائیلی ریڈیو رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کی جانب سے یہودیوں پر پتھراؤ معمول کا حصہ تھا لیکن پہلی بار یہ پتھراؤ ریل گاڑیوں ،فوجی گاڑیوں پر ہوا ہے نیز فلسطینیوں نے پٹرول بم پھینکے ہیں، جو نہایت تشویشناک امر ہے۔