برطانیہ میں سپر ڈیپارٹمنٹل اسٹورز گروپ کی مالک کی ایک بڑی تاجر کمپنی نے اپنے ملک بھرکے تمام اسٹوروں پراسرائیل کی مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں تیار کی جانے والی مصنوعات کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ اقدام مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کےخلاف بطور احتجاج کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برطانیہ میں سپر مارکیٹ کی پانچویں بڑی کمپنی”کو ۔ اوپ” نے ان تمام یہودی کمپنیوں کی مصنوعات لینے سے انکار کردیا ہے جو فلسطین کے مقبوضہ اور متنازعہ علاقوں میں لگائی گئی فیکٹریوں میں تیاری کی جاتی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے برطانیہ سپرمارکیٹ کی اس بڑی کمپنی کے بائیکاٹ پرسخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ صہیونی وزارت خارجہ کے ترجمان یگال بالمرکا کہنا ہے کہ برطانیہ میں صرف یہودی کالونیوں میں تیار کی جانے والی مصنوعات کا بائیکاٹ نہیں کیا گیا بلکہ یہ پورے اسرائیل کے بائیکاٹ کے مترادف ہے۔
صہیونی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ "تم کہتے ہو کہ بائیکاٹ صرف یہودی بستیوں میں قائم کردہ فیکٹریوں کی مصنوعات کا کیا گیا ہے، لیکن کیا ان مصنوعات کے بائیکاٹ سے پورا اسرائیل متاثر نہیں ہوگا۔ کیا برطانوی کمپنی کی طرف سے تمام اسرائیلیوں کے بائیکاٹ کے لیے یہودی بستیوں کے کارخانوں کے بائیکاٹ کو جواز بنایا جاسکتا ہے۔ اسرائیل برطانیہ میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کو تمام اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں عائد کرنے کے مترادف خیال کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے”۔
خیال رہے کہ برطانوی سپرمارکیٹ کی تاجر کمپنی نے سنہ 2009ء کے بعد سے اسرائیلی کالونیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ شروع کیا تھا تاہم یہ بائیکاٹ جزوی تھا۔ اس کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم یہودی کالونیوں میں اشیاء تیار کرنے والی تمام کمپنیوں کے ساتھ تعلقات توڑ دے گی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

