(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیردفاع نے مبینہ ایئرپورٹ کی فضائی تصاویر دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایئرپورٹ درمیانے سائز کے طیاروں کےلئے تیار کیا گیا ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں قائم ریچ مین یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ایک بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس میں گفتگوکرتے ہوئے صیہونی ریاست کے وزیردفاع یوو گیلنٹ نے ایران پر ایک سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے خلاف حملوں کے لیے جنوبی لبنان میں ایک ہوائی اڈا قائم کر رہا ہے جہاں سے چھوٹے بڑے ڈرون سمیت درمیانے سائز کے طیاروں حملوں کےلئے تیار کیا جاسکتا ہے۔
صیہونی وزیر دفاع نے لبنانی گاؤں بیرکٹ جبور اور جیزین شہر کے قریب اور اسرائیل کے سرحدی شہر میتولا سے تقریباً 20 کلومیٹر (12 میل) شمال میں واقع اس مبینہ ایئرپورٹ کی فضائی تصاویر دکھائیں جو ان کے مطابق اس ہوائی اڈے کی ہیں جو ایران نے اسرائیل کے خلاف "دہشت گردی کے مقاصد” کے پیشِ نظر تعمیر کیا ہے۔
صیہونی وزیر کے اس الزام پر نہ تو لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور نہ ہی ایرانی حکام نے کوئی فوری ردعمل ظاہر کیا۔
سائٹ کے بارے میں معلومات رکھنے والے ایک غیر اسرائیلی ذریعے نے کہا کہ اس میں ایرانی خاکوں سے تیارکردہ بڑے ڈرونز کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے – جن میں سے کچھ ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ سائٹ سے لانچ کیے گئے ڈرونز کو اندرونی اور بیرونی آپریشنل سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے – لیکن مزید کہا کہ رن وے کی نوعیت اور سمت یہ بتاتی ہے کہ اول الذکر بات کا زیادہ امکان ہے۔