مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں دنیا بھرسے لا کر بسائے گئے یہودی گماشتوں کا مسلمانوں اورعیسائیوں کی مقدس مقامات پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق قابض انتہاپسند یہودیوں نے مقبوضہ فلسطینی شہر”یافا” میں مسلمانوں کے ایک قبرستان اور ایک عیسائیوں کے قبرستان کو اکھیڑ ڈالا۔
متشدد یہودی کئی قبروں کی بےحرمتی کرتے ہوئے ان پرعبرانی زبان میں نازیبا الفاظ بھی تحریر کیے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سنہ 1948ء کی جنگ کے دوران اسرائیلی قبضے میں چلے جانے والے شہر”یافا”میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے قبرستانوں کی بے حرمتی کا واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا۔ بد قماش قسم کے یہودی کارندوں نے قبرستانوں میں داخل ہو کر قبروں کو اکھیڑنا شروع کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق انتہا پسند یہودیوں نے پہلے یافا شہر میں مسلمانوں کے قبرستان”الکازاخانہ” کی بے حرمتی کی اور اس کی قبروں کو اکھیڑ تے رہے۔ بعد ازاں انہوں نے اسی قبرستان سے ملحقہ عیسائیوں کے قبرستان کی بھی بے حرمتی کی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے قبرستان پر یہودی آباد کاروں کے حملے کے بعد جب وہ قبرستان میں گئےتو وہاں قبروں پرعبرانی میں چاکنگ کی گئی تھی۔ قبروں پر”عربوں کی موت”اور "یوم حساب کا ٹکٹ”جیسے نسل پرستانہ نعرے درج تھے۔ اس طرح کے نعرےعموما انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے سنے جاتے ہیں۔ جو وہ عربوں اور فلسطینیوں کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔