(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مظاہرین نے عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل سے تعلقات کو فلسطین کاز کے ساتھ غداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی تک مزاحمت جاری رہے گی۔
تفصیلات کےمطابق مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں مشتعل مظاہرین نے خلیجی ممالک امارات اور بحرین کے قابض صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کی بحالی معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے اور ان معاہدوں کو ذلت آمیز قراردیا۔
سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ مقبوضہ بیت المقدس میں کیا گیا جہاں مظاہرین نے امارات اور بحرین کے سربراہوں کے پتلے نذر آتش کئے اور قابض صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو فلسطین کاز کے ساتھ غداری قراردیا ۔
واضح رہے کہ عرب امارات اور بحرین نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس میں اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات و بحرین کے وزرائےخارجہ اور اسرائیلی وزیراعظم نے معاہدے پر دستخط کیے۔
واشنگٹن میں ہونے والے اس معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والی عرب ریاستوں کی تعداد اب 4 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل مصر 1979 اور اردن 1994 میں اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں۔