اسرائیلی انتظامیہ کے اہلکاروں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین مقبوضہ مشرقی القدس کے علاقے بیت حنینا میں اس وقت خوفناک جھڑپیں شروع ہو گئیں جب انتہاء پسند یہودی آباد کاروں نے دو فلسطینی خاندانوں کو بالجبر گھروں سے باہر نکال کر دونوں مکانوں پر قبضہ کر لیا۔
یہودیوں کی شرمناک حرکت کے بعد فلسطینی شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی جس پر اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں نے لاٹھی چارج شروع کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے باقاعدہ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ اسرائیلی ریڈیو کے مطابق صہیونی پولیس نے دس روز قبل عدالت کی جانب سے ان گھروں کو یہودیوں کی زیر ملکیت دینے کے فیصلے کے بعد گھروں کو خالی کروا لیا تھا۔
خیال رہے کہ دو فلسطینی گھروں کو خالی کروانے کے بعد مسلمانوں کے حرم ثالث کے اطراف برکتوں سے مالا مال اس شہر میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

