اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں ایک نامعلوم فلسطینی شہری نے تیز دھار آلے کے ذریعے یہودی کالونی”معالیہ ادومیم” کے ایک سیکیورٹی پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں اس بڑی یہودی کالونی کے ایک بیرونی راستے پر کھڑے یہودی سیکیورٹی اہلکار اس وقت ایک نامعلوم شخص نے تیز دھار آلے سے وار کیے جب وہ وہاں پر سیکیورٹی پر مامور تھا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ تیز دھار آلےکے مسلسل وار سے یہودی اہلکار کو معمولی زخم آئےہیں جس کے بعد اسے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی حکومت کےزیرانتظام ھداسا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب صہیونی پولیس کاکہنا ہے کہ اس نے واقعے کے فوری بعد مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کے علاقے کی تلاشی شروع کر دی ہے اور تمام علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے کیونکہ ممکنہ طور پر یہودی سیکیورٹی اہلکار پر حملے کا ملزم اسی علاقے میں داخل ہو گیا تھا۔
العیزریہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی پولیس نے بعض عینی شاہدوں کی مدد سے گھر گھر تلاشی لی تاہم ابھی تک کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں اور نہ کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔