اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک اعلی اسرائیلی عہدیدارنے کچھ دیر قبل مصر میں صہیونی فوجی گیلاد شالیت سے ملاقات کی ہے۔ شالیت کو آج ہی فلسطینی مزاحمت کاروں نے رہا کر کے مصر بھیجا ہے۔
کثیر الاشاعات اسرائیلی روزنامے ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کی ویب سائٹ پر نشر خبر کے مطابق گمان یہ کیا جا رہا ہے کہ پانچ سالہ حراست کے بعد رہا شالیت سے ملاقات کرنے والے اعلی اسرائیلی عہدیدار نائب وزیر اعظم ڈیوڈ میڈن تھے۔
قبل ازیں تحریک حماس کے متعدد رہنما اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ تبادلہ اسیران معاہدے کا پہلا مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو گیا ہے۔ اس معاہدے کے پہلے مرحلے میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے شالیت اور اسرائیلی حکام کی جانب سے 477 فلسطینی اسیران کو مصر کے حوالے کیا جانا تھا۔