فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کے ساتھ یک جہتی کرنے والی تنظیموں کے ساتھ ہے اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت صہیونی جیلوں میں قید اسیران کے حقوق کی جنگ میں بھرپور حصہ لے گی۔
وزیر اعظم نے منگل کے روز فلسطینی حکومت کے ہفتہ وار اجلاس سے افتتاحی خطاب کے دوران اسرائیلی جیلوں میں دوہفتوں سے بھوک ہڑتال جاری رکھنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ یک جہتی کی تحریک میں شریک فلسطینی قوم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اسیران کے ساتھ اظہار یک جہتی کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
اسماعیل ھنیہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی عقوبت خانوں کی دیواروں میں آزادی کا معرکہ لڑنے والے دلیر اسیران،جو ہمارے لیے باعث عزت و تکریم ہیں، کی تحریک میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی قیدیوں کی تمام تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکنہ وسائل استعمال کریں۔ وزیر اعظم ھنیہ نے تمام قومی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اس ضمن میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نےفلسطینی امور اسیران کی وزیر ڈاکٹر عطاء اللہ ابو السبح اور دیگر عہدیداران کی پرخلوص کاوشوں کی تعریف بھی کی۔