فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مسجد اقصیٰ کی جلد آزادی کی بشارت کے طور پر قبلہ اول کے لیے ایک نیا منبر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم نے سابق اسیر کی غزہ کی پٹی میں شادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے عظیم سپہ سالار صلاح الدین ایوبی نے بھی فتح بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی فتح سے قبل اس فتح کی پیشین گوئی کے طور پر قبلہ اول کا ایک منبر تیار کیا تھا۔ جس کے بعد بہت کم عرصے میں مسجد اقصیٰ کو آزاد کرا لیا گیا تھا۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ انہوں نے ایک بہترین منبرکی تیاری کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ کے لیے منبر کی تیاری کا فیصلہ انہوں نے سابق اسیر ڈاکٹرعبدالعزیز عمرکی تجویز پر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اس بات پر پورا یقین ہے کہ مسجد اقصیٰ اب زیادہ دیر تک دشمن کے قبضے میں نہیں رہے۔ وہ وقت دورنہیں جب مسلمان آزادی کے ساتھ مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کر سکے گی۔