فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ غزہ کی پٹی میں جاری توانائی کے بحران کے مستقل حل کی خاطر مذاکرات کرنے پیش آئند ہفتے مصر کا دورہ کریں گے۔ یہ بات وزیراعظم نے مشیر ڈاکٹر یوسف رزقہ نے مرکز اطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اسلامی ممالک کی جانب سے دوروں کے دعوت نامے موصول ہو رہے ہیں اور وہ جلد تیسرے بیرون ملک دورے پر جائیں گے۔
ڈاکٹر یوسف رزقہ نے بتایا کہ وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مصری حکام سے غزہ کی پٹی میں جاری بجلی کےبحران اور ایندھن کی قلت کے بارے میں رابطہ کیا ہے۔ ان روابط کے بعد وزیراعظم نے خود اگلے ہفتے قاہرہ جانے اور مصری حکام سے براہ راست بات چیت کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ مصری حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں توانائی کے بحران کے مستقل حل میں مدد فراہم کرنےکے لیےتیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ مصر کے بعد غزہ کی پٹی میں پٹرول اور توانائی کے بحران پر قابو پا لیا جا ئے گا۔
ڈاکٹر یوسف رزقہ کا کہنا تھا کہ اسماعیل ھنیہ کو دوسرے اسلامی ممالک کی جانب سے دوروں کے دعوت نامے موصول ہو رہے ہیں وہ چند ہی روز میں تیسرے بیرون ملک دورے پر جائیں گے۔ ان کے اس دورے میں ملائیشیا کا دورہ بھی شامل ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین