اسرائیلی فوج نے تیسرے روز بھی غزہ پر بمباری جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز ضلع خان یونس کو نشانہ بنایا، صہیونی لڑاکا طیاروں کی بمباری کی زد میں آکر مزید دو فلسطینی شہادت پا گئے ہیں۔ ہفتہ کی دوپہر سے جاری حملوں میں ابتک بارہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
ادھر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کے خلاف فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے بھی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے جا رہے ہیں۔
فلسطینی میڈیکل ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ صہیونی حملے میں مشرقی خان یونس کے یوسف ابو عبدو اور علی العقاد شہادت پا گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ صہیونی طیاروں نے بمباری رات گئے اس وقت کی جب دونوں فخاری کے علاقے میں تھے، یہ جگہ ایسی ہے جہاں پر ایمرجنسی عملے کا صبح سے پہلے پہنچنا ناممکن تھا چنانچہ علی البصح میڈیکل عملے نے علاقے میں پہنچ کر دونوں شہداء کی نعشوں کو حاصل کیا۔
دوسری جانب تحریک احرار کے عسکری ونگ الانصار بریگیڈ کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے دونوں فلسطینیوں کا تعلق ان کی بریگیڈ سے ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی لڑاکا جہازوں نے الانصار بریگیڈ کے عسکری اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔
الانصار بریگیڈ کے مطابق شہید ہونے والے علی عبد اللہ حسین العقاد کا تعلق خان یونس کے مغربی سمت سے تھا جبکہ یوسف روحی محمود ابو عبدو بھی اسیضلع کے رہنے والے تھا۔
ادھر ہفتہ کے روز اسرائیلی غارت گری میں نو افراد کی شہادت کے بعد حماس نے حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ شروع کیا جس کے بعد اسرائیل نے مصر کے توسط سے حماس کے ساتھ سیز فائر کیا، اس معاہدے کو چھ گھنٹے بھی نہ گزر پائے تھے کہ اسرائیل نے اتوار کے روز دوبارہ غزہ پر حملہ کر دیا۔ آج تیسرے روز بھی حملوں کا یہ سلسلہ جاری ہے۔