فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں نے صیہونی حکومت کے لئے سعودی شہزادے کی حمایت کو شرمناک قرار دیا ہے۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان ابو مجاہد نے سعودی شہزادے ولید بن طلال کے اس بیان پر کہ وہ انتفاضہ قدس میں صیہونی حکومت کے ساتھ ہیں، سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کا ساتھ دینا اور فلسطین کا سودا کرنے میں سبقت لینے کی کوشش شرمناک اقدام ہے۔ فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان نے کہا کہ انتفاضہ قدس کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی، کیونکہ فسطینی عوام اپنی جائز و قانونی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور استقامت و شہادت کو باعث فخر سمجھتے ہیں۔ مذکورہ فلسطینی رہنما نے سعودی شہزادے ولید بن طلال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملت فلسطین امت اسلامیہ کی عزت و شرف کا دفاع کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ کئی ہفتے سے فلسطینی عوام اور مسجد الاقصٰی پر صیہونیوں کے حملے تیز ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں فلسطینی عوام نے بھی فلسطینی علاقوں میں انتفاضہ قدس کا اعلان کر دیا ہے۔