مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیر زراعت اور انتہا پسند سیاست دان اوری ارئیل کی قیادت میں گذشتہ روز درجنوں صیہونی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی اسپیشل یونٹ کے اہلکاروں کی طرف سے صیہونی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتہا پسند صیہونی لیڈر ارئیل نے اپنے ساتھ آنے والے آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں مزعومہ ہیکل سلیمانی کےبارے میں بریفنگ بھی دی۔ اس کے بعد صیہونی آباد کاروں نے باب السلسلہ کو باہر نکلنے کے لیے استعمال کیا اور وہاں پر بھی اشتعال انگیز حرکات کی گئیں۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ میں صیہونی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاوے روز کا معمول بن چکے ہیں اور آئے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں صیہونی آباد کار قبلہ اوّل میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہیں۔