اسرائیلی فضائیہ نے لگاتار تیسرے روز بھی غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنوبی شہر رفح میں القسام بریگیڈ کے فوجی اڈے کو ہدف بنایا ہے۔
صہیونی ایف سولہ طرز کے طیاروں کی جان سے تل السلطان کالونی پر کیے گئے اس میزائل حملے میں اب تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
360 مربع کلومیٹر پر محیط غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح کےمقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے رفح کی مغربی کالونی تل السلطان میں اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے مرکز پر میزائل داغا جس سے ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم اس حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے نے بتایا کہ اس حملےکے بعد بھی دیر گئی تک اسرائیلی طیارے علاقے کی فضاؤں میں پھرتے رہے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس کے سائے منڈلاتے رہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کی دوپہر سے جاری غزہ پر حملوں میں ابتک چار فلسطینی شہادت پا چکے ہیں۔ جمعرات کی شام ایک کار پر کیے گئے حملے میں دو افراد شہید ہوئے تھے جبکہ جمعہ کی علی الصبح ایک مکان کو ملیامیٹ کر دیا گیا تھا جس میں ایک درجن افراد زخمی ہوئے جبکہ باپ بیٹا شہید ہو گئے تھے۔ حملوں کے جواب میں صہیونیوں آبادیوں پر ابک تک سولہ راکٹ داغے جا چکے ہیں۔