نابلس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں صیہونی آباد کاروں اور قابض اسرائیلی فوجیوں نے مل کر فلسطینی شہریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجےمیں کم سے کم 14 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عوریف کے مقام پر صیہونی آباد کاروں نے فلسطینیوں شہریوں پر حملہ کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے بھی صیہونی آباد کاروں کا ساتھ دیا۔
ہلال احمر فلسطین کے مطابق امدادی ادارے کے کارکنوں نے عوریف میں صیہونی آباد کاروں اور اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں زخمی ہونے والے 14 فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں ان میں بعض کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتے کے روز صیہونی آباد کاروں نے عوریف کے مقام پر فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینیوںکی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔
ادھر غرب اردن میں یہودی دیوار فاصل کےمندوب غسان دغلس نے بتایا کہ صیہونی آباد کاروں نے عوریف میں ہفتے کے روز دو بار فلسطینیوں کے گھروں پرحملہ کیا۔ فلسطینی شہری اپنے دفاع کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مقامی شہری ناجی عارف صباح کو صیہونی آبادکاروں نے پتھر دےمارا جس کےنتیجے میں اس کے کندے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ فلسطینیوں نے صیہونی آبادکاروں کےخلاف مزاحمت کی تواسرائیلی فوج نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیااور ان پرآنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری دم گھٹنے سے متاثر ہوگئے۔