اسرائیلی فوج نے فلسطینی ساحلی غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس پر غارت گری کی۔ کارروائی میں صہیونی ائیر فورس کے ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا تاہم فلسطینی مجاہدین نے جوابی کارروائی کے بعد صہیونی فورسز کو جلد ہی غزہ سے نکلنا پڑا۔
مقامی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے منگل کی صبح القرارہ کے علاقے پر دھاوا بولا اور عیسان کبیرہ کے علاقے الفراحین کالونی کی جانب پیش قدمی شروع کردی، شہر کے اس وسطی علاقے کی جانب بڑھتے ہوئے اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر گولہ باری کی۔
صہیونی فورسز کے اس حملے کے دوران اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا، اور فلسطینی زرعی اراضی میں کام کرنے والوں کو فائرنگ کا نشانہ بھی بنایا۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی فلسطینی اس فائرنگ کی زد میں نہ آیا۔
بعد ازاں فلسطینی مزاحمت کار حرکت میں آگئے اور انہوں نے صہیونی فوج کے اینٹی میزائیل شیلڈ کو ہدف بنا کر تباہ کردیا۔ فلسطینی مزاحمت کاروں کی جوابی کارروائی کے بعد اسرائیلی فوج نے پسپائی اختیار کی اور غزہ کی حدود سے باہر نکل گئی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

