فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے گرفتاری کے عمل کے دوران ایک معذور فلسطینی پر فائرنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جمعرات کے روز صہیونی پکڑ دھکڑ مہم کے دوران زخمی ہونے والے معتز عبیدو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسیران فورم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے دعوی کیا ہے کہ عبیدو نے ایک فوجی سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی جس کے بعد صہیونی اہلکاروں نے ان پر فائر کھول دیا اور وہ شدید زخمی ہوگئے، صہیونی ذرائع کے مطابق عبیدو کو ایک اسرائیلی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسیران کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم نے بتیس سال کے معتز عبیدو کی جان کی تمام تر ذمہ داری اسرائیلی فوج پر عائد کی ہے۔ ادھر عبیدو کے والد نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے وادی ھربہ کے علاقے کا گھیراؤ کرکے ان کے بیٹے کو گرفتار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین