فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں صہیونی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی گھروں اور تجارتی مراکز پر دھاوا بولے جانے کے بعد مشتعل فلسطینی نوجوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی تاہم صہیونی فوج نے مداخلت کر کے فلسطینیوں پر تشدد شروع کر دیا۔
الخلیل کے جنوبی علاقے الفحص میں یہودی آبادکاروں کے حملوں پر اسرائیلی فوج کے متعصبانہ کردار کے بعد فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فوج پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ اسرائیلی فورسز نے نوجوانوں پر ربڑ کی گولیاں اور اشک آور گیس کے شیل برسائے۔
اس دوران اسرائیلی فوجی اہلکار فلسطینی نوجوانوں پر لاٹھی چارج بھی کرتے رہے۔ اطلاعات کے مطابق جھڑپوں کے دوران دو فلسطینی نوجوان عرفات العجولی،سترہ سالہ، اور عبد الرحمن ابو سنینہ، 21 سالہ، کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس علاقے میں گزشتہ ہفتے بھی انتہاء پسندیہودی آبادکاروں کے ایک جتھے نے فلسطینیوں پر حملہ کیا تھا اور بیت امر، العروب کیمپ اور وادی الغروس کے علاقوں میں متعدد فلسطینی املاک کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔