اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے سلوان ٹاؤن کی بستان کالونی پر دھاوا بول کر شہریوں کو زدوکوب کیا۔ مسلمانوں کے حرم ثالث مسجد اقصی سے متصل اس کالونی میں
رہائش پذیر متعدد فلسطینی خاندانوں کو اپنے گھر خود اپنے ہاتھوں منہدم کرنے کے عدالتی نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
سلوان کی دفاعی کمیٹی کے سربراہ فخری ابو دیاب نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد نے پہلے علاقے کو گھیرے میں لیا۔ اس کے بعد صہیونی بلدیہ کے اہلکاروں اور اسرائیلی فوجی گارڈز نے متعدد گھروں میں گھس کو بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ شروع کردی۔ اس دوران شہری جبریل الطویل کے گھر میں گھس کر تلاشی لی گئی۔
اس دوران ھشام عاید قراعین نامی شہری کے خاندان کو بھی اپنا گھر گرانے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ ابو دیاب نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے اس دھاوے کے بعد سارے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رہا۔ بالخصوص خواتین اور بچے سخت خوفزدہ تھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

