اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے تاریخی اور سب سے بڑے شہر الخلیل پر دھاوا بول کر داخلی راستوں پر متعدد نئی چیک پوسٹیں قائم کر لی ہیں۔ صہیونی اہلکار فلسطینی شہریوں کو شدید زدوکوب کر رہے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ جیپوں پر سوار اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد شہر میں داخل ہوئی اور راہ گیروں سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔
اس موقع پر الفحص اور بلدۃ الظاہریہ کے علاقے فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کر رہے تھے۔ شہر کے شمالی علاقے حلحول اور متعدد نواحی علاقوں میں بھی فوج کی بڑی تعداد گشت کرتی رہی۔
اس دوران صہیونی سکیورٹی فورسز نے الخلیل کے جنوبی راستے پر ایک چیک پوسٹ قائم کر لی اور گزرنے والوں کو روک کر زدوکوب کرنا شروع کر دیا،گاڑیوں کو روک پر سخت تلاشی لی جاتی رہی۔
ادھر قلقیلیہ شہر میں بھی صہیونی اہلکاروں نے دھاوا بولا اور اور علی الصباح دو بچوں کو گرفتار کر لیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیس سےزائد گاڑیاں علاقے میں داخل ہوئی تھیں۔ فوجیوں کی بڑی تعداد نے شہریوں کے گھروں میں گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی ہے۔ اس دوران فوج نے چودہ سالہ محمودعبداللہ اور سولہ سالہ عبد اللہ احمد حواری کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی اہلکار بالخصوص خواتین اور بچوں کو دھمکیاں دیتے رہے۔