سلفیت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی کسانوں نے کہا ہے کہ صیہونی آباد کاروں نے سلفیت کے شمال میں ایرئیل صیہونی بستی کے قریب بغیر کسی نوٹس کے انکے وسیع زرعی قطعہ اراضی پر بلڈوزر چلا دیئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کسانوں نے بتایا کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے تین دن کی پابندی کے بعد جب وہ اپنی زمینیوں پر پہنچے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ صیہونی آباد کاروں نے ان کی زمین کو بلڈوزروں سے ہموار کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریبا 30 ایکڑ زمین کو بلڈوزروں سے ہموار کر دیا گیا اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ صیہونی آباد کاروں کی جانب سے زمین ہموار کرنے کا حالیہ عمل ائرئیل صیہونی بستی میں 800 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز ہے جو وزیر اعظم نیتن یاہو کی الیکشن مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے نوٹ کیا ہے کہ ایریل صیہونی آباد کار بستی کی توسیعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ایک نئے منظورشدہ منصوبے کے تحت اسرائیل نے ایریل یونیورسٹی میں طب کی فیکلٹی کے لیے متعدد عمارتوں کی تعمیر شروع کردی ہے جو مغربی کنارے میں آباد کار بستیوں میں واحد یونیورسٹی ہے ۔