رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے بتایا ہےکہ اسرائیلی فوج نے 33 سالہ فلسطینی عاصم البرغوثی کوحراست کے وقت گولیاں مار کر زخمی کرنے کے بعد مزید وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیر عاصم نے انسانی حقوق کے مندوب اور کلب برائے اسیران کے وکیل مانون الحشم سے ملاقات کے دوران بتایا کہ صیہونی جلادوں نے پہلے سے ٹانگ میں گولیاں مارکر شدید زخمی کیا۔ اس کے بعد اسے مزید بری طرح جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ عاصم البرغوثی کو اسرائیلی فوج نے طویل تعاقب کے بعد 8 جنوری کو حراست میں لیا تھا اور گرفتاری کے فوری بعد اسے بدنام زمانہ ’’مسکوبیہ‘‘ عقوبت خانے میں ڈال دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسیر البرغوثی کو مسلسل 14 دن تک یومیہ 20 گھںٹوں تک وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہونے کے باوجود اسے دوران حراست کسی قسم کی طبی سہولت نہیں دی گئی۔
اسیرعاصم نے بتایا کہ اسرائیلی تفتیش کار اب بھی اس سے مسلسل 12 گھنٹوں تک تفتیش کی آڑ میں زدو کوب کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اسیر عاصم کا پورا خاندان تحریک آزادی کے ہراوّل دستے میں شامل ہے۔ ان کے ایک بھائی صالح کو اسرائیلی فوج نے گذشتہ ماہ شہید کردیا جب کہ ان کے بوڑھے والد عمر البرغوثی اور ایک دوسرے بھائی عاصف کو دسمبر میں حراست میں لیا گیا تھا۔