مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ’’عوفر‘‘ جیل میں 20 اور 21 جنوری کے ایام میں فلسطینی اسیران پر تشدد کے حوالے سے اسرائیلی فوج نے جھوٹ بولا تھا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ عوفر جیل قید فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد کیا تھا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے تھے جب کہ اسرائیلی حکام نے زخمی قیدیوں کی تعداد صرف 17 بیان کی تھی۔
عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘ کے مطابق اسرائیلی فوج کے تشدد سے زخمی ہونے والے فلسطینی جتنے بتائے گئے تھے اس سے تین گنا زیادہ تھے مگر اسرائیلی فوج نے خود کو تنقید سے بچانے کےلیے جھوٹ بولا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسرائیلی فوج کے جلادوں نے عوفر جیل یں گھس کر کئی فلسطینی اسیران کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد ڈیڑھ درجن فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کیاگیا تھا۔
اسرائیلی حکام نے فلسطینی اسیران پر اپنے مظالم چھپانے کی مذموم کوشش کی تھی مگر اسرائیلی اخبارات نے اسرائیلی فوج جرم کا بھانڈا پھوڑ ڈالا۔
خیال رہے کہ عوفر جیل میں 1200 فلسطینی پابند سلاسل ہیں جن میں ایک سو بچے ہیں۔ حال ہی میں اسرائیلی فوج نے تشدد کرکے درجنوں فلسطینیوں کو زخمی کردیا تھا۔